حافظ نعیم الرحمن

چیف جسٹس میئر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کے غیر آئینی وغیر جمہوری عمل کا ازخود نوٹس لیں ،حافظ نعیم الرحمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ میئر کراچی کے انتخاب میں پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے غیر آئینی ، غیر جمہوری عمل اور پی ٹی آئی کے چیئرمینوں کو جماعت اسلامی کوووٹ نہ دینے دھکمیاں دینے اور دباؤ ڈالنے کے خلاف ازخود نوٹس لیں ، پیپلزپارٹی عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کے لوگوں کو غائب کروارہی ہے ،پیپلزپارٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی ماننے کو تیار نہیں ،گزشتہ روز پیپلزپارٹی نے میڈیا کے ذریعے پی ٹی آئی چیئرمینوں کی لسٹ جاری کی جو میئر کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے ، پیپلزپارٹی تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود مطلوبہ نمبر پورے نہیں کرسکی تو اب میڈیا کے ذریعے غلط اور من گھڑت خبریں پھیلا کر ابہام پیدا کرنا چاہتی ہے،

ہم پی ٹی آئی کے چیئرمینوں سے رابطے میں ہیں ، 15جون کو میئر کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے تمام چیئرمین جماعت اسلامی کے نامزد میئر اور ڈپٹی میئر کو ہی ووٹ دیں گے ،آصف علی زرداری،پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی پارٹی کی ساکھ کو بہتر بنائیںاور کراچی میں عوام کا مینڈیٹ تسلیم کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی واضح اکثریت سے منتخب ہونے والے میئر کاراستہ نہ روکیں ، ہم نے ہائی کورٹ میں غیر منتخب فرد کو میئر بنانے کے حوالے سے پٹیشن دائر کی ہے امید ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے لوکل ایکٹ میں ترمیمی بل کے خلاف فیصلہ آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نورحق میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کی دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد اور مئیر کے انتخابات کی تازہ صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی راجا عارف سلطان، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈپٹی سکریٹری صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہم نے سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیج دیا ہے،

فیصلے میں یہ بات واضح ہے کہ پارٹی ہدایت سے ہٹ کر کوئی بھی نمائندہ ووٹ دے گا تو وہ ڈس کوالیفائی ہوجائے گااور اسکا ووٹ بھی شمار نہیں کیا جائے گا،پیپلز پارٹی جمہوری طریقے سے جیت نہیں سکتی اسی لیے کسی بھی قانون اور ضابطے کو ماننے پر تیار نہیں ہے ،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے میڈیا کے ذریعے ہدایت دی ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمینز مئیر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں،پیپلز پارٹی اگرحکومتی جبر اور طاقت کے ذریعے اپنا مئیر بنانے کی کوشش کرے گی توجماعت اسلامی شدید مزاحمت کرے گی اورتمام آئینی،قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرے گی ،جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو بازیاب کروایا جائے اور میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبروں کا نوٹس لیا جائے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پیپلز پارٹی نے کچھ صحافیوں کے ذریعے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے پیغام نشر کروائے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دیں گے، جن چیئرمینوں کی لسٹ جاری کی گئی ہے ان تمام چیئرمینوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغام دیا ہے کہ وہ جماعت اسلامی کو ہی ووٹ دیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود مطلوبہ نمبر پورے نہیں کرسکی تو اب وہ کہہ رہی ہے کہ پی ٹی آئی کے نومنتخب چیئرمینوں کو میئر کے انتخاب کے دن آنے نہیں دیا جائے گا،ہم حیران ہیں کہ یہ کس طرح کا انتخاب ہے کہ جس میں ایک پارٹی کھلم کھلا عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی کررہی ہے ،

لوگوں کو اٹھا کر غائب کررہی ہے اورکوئی ادارہ ان سے پوچھنے والا نہیں ہے ،پیپلز پارٹی زبردستی طاقت کے ذریعے کراچی پر قبضہ اور اپنا میئر مسلط کرنا چاہتی ہے،کیونکہ یہ جمہوری اور آئینی طریقے سے اپنا مئیر لانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہم چیلنج کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میڈیا کے سامنے مطلوبہ نمبر شو کریں پھر مئیر بنانے کا دعویٰ کریں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا،پیپلز پارٹی نے جسے مئیر کے لیے منتخب کیا ہے وہ تو ایک سال ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں انہوں نے کراچی کے لیے کیا کیا؟جن سڑکوں کی مرمت کے لیے 22 ارب روپے خرچ کیے وہ اگلی بارش میں بہہ گئیں۔