یحییٰ آفریدی

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور انصاف تک رسائی کو بڑھانے کی کوششوں کے حوالے سے انٹرایکٹو سیشن

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور انصاف تک رسائی کو بڑھانے کی کوششوں کے حوالے سے منگل کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے مختلف سیکشنز کے سربراہان کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کیا۔

سیشن میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار محمد سلیم خان، ممتاز ترقیاتی ماہر شیر شاہ، ڈی جی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی حیات علی شاہ اور سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن (ایل جے سی پی) سیدہ تنزیلہ صباحت نے شرکت کی۔سیشن کے دوران چیف جسٹس یحی آفریدی نے جاری اصلاحات کا جائزہ لیا، عدالتی عمل کی ڈیجیٹلائزیشن، بہتر رسائی، طریقہ کار، احتساب اور عدالتی کارروائیوں میں شفافیت بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد نہ صرف زیر التواء مقدمات کو کم کرنا ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ فریقین کو بروقت اور موثر انصاف ملے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدالتی نظام کے بنیادی سٹیک ہولڈرز کے طور پر عدالتی ادارے کے انصاف کے عزم اور اس کے مثبت عوامی امیج کو تقویت دیتے ہوئے انتہائی احترام کے مستحق ہیں۔

سیشن میں ای فائلنگ سسٹم کے کامیاب نفاذ سمیت آج تک حاصل کیے گئے اہم سنگ میلوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے انضمام اور عدالتی عمل کی رسائی اور شفافیت کو مزید بڑھانے کے لیے بنائے گئے میکانزم کے قیام کے بارے میں پیش رفت کی اپڈیٹ پیش کیں۔