رانا ثناء اللہ

چیئرمین پی ٹی آئی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے،رانا ثناء

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اورسابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف جانے کا مطلب پاکستان کو عالمی کٹہرے میں مجرم بنا کر کھڑا کرنا ہے، یہ مکروہ کام صرف ملک دشمن اور ان کے کارندے کرتے ہیں، عدالتی نظام کے لاڈلے کو باہر جانے کی کیا ضرورت ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو پاکستان واپس لانے،رہا کرانے اور آباد کرانے والے اب دہشتگردوں کو نیا راستہ دکھا رہے ہیں، اقتدار میں لا کر پاکستان کی معیشت، خارجہ تعلقات تباہ کئے۔

ا نہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں مہنگائی سے خانہ جنگی کی راہ ہموارکی،نوجوانوں کے ذہن میں بارود بھرا تاکہ وہ حملہ آور جتھوں میں بدل جائیں۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ کٹھ پتلی کو پاکستان کی عالمی بدنامی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، چیئرمین تحریک انصاف پر یہ پیسہ کون خرچ کررہا ہے جن کا بندہ ہے وہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔