اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ایران پرجاری حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل تمام عالم اسلام کے درمیان تفریق پیدا کر رہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر علمائے کرام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمِ اسلام میں تفریق پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے جس سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے اور مذہبی و سیاسی قیادت کو مشترکہ طور پر مثبت اور عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت اور اجتماعی حکمتِ عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے موجودہ صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات ختم کر کے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کا مؤثر حل تلاش کیا جا سکے۔
انہوں نے علماءِ کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو باہمی اتحاد و اتفاق کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ موجودہ حالات میں عالمِ اسلام کے اتحاد کے لیے عملی کردار ادا کیا جائے گا اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔









