ملتان (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کے پرسنل سیکرٹری کو دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے پر گیلانی ہاﺅس کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔ جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر ایک خاتون کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
چیئرمین سینٹ اور سابق وزیراعظم پاکستان سید یوسف رضاگیلانی کے پرسنل سیکرٹری زرگام کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے تھے جس پر پولیس تھانہ کینٹ نے سید یوسف رضا گیلانی کے پرسنل سیکٹری زرگام کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم گیلانی ہاﺅس ملتان کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔
چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کے پرسنل سیکرٹری زرگام نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ کینٹ کو تحریری درخواست دی کہ وہ چیئرمین سینٹ کی رہائشگاہ پر موجود تھے کہ ان کے موبائل پر نامعلوم ملزم نے دھمکی بھرا میسج بھیجا۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے مبینہ طور پر واقعہ میں ملوث ایک خاتون کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔