یوسف رضا گیلانی 9

چیئرمین سینیٹ کا کمبوڈیا کا سرکاری دورہ،اعلیٰ سطحی پارلیمانی روابط، دوطرفہ تعاون اور باہمی مفادات پر تفصیلی تبادلہ خیال

پنوم پنہ(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ کمبوڈیا کا سرکاری دورہ کیا، جسے پاکستان اور کمبوڈیا کے مابین پارلیمانی سفارت کاری، دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے.

دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر سامدیچ اکا موہا سینا پدیئی تیچو ہن سین کے درمیان اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقات منعقد ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے، سیاسی، معاشی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا یہ دورہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، پارلیمانی روابط کو وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

قبل ازیں، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پنہ پہنچے، جہاں ٹیچو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ استقبال کرنے والوں میں کمبوڈیا کی سینیٹ کے دوسرے نائب صدر ڈاکٹر تھن وتھانا، سینیٹ کی پہلی کمیٹی کے چیئرمین اورکمبوڈیا۔پاکستان سینیٹ فرینڈشپ گروپ کے سربراہ انگی چانفال، پانچویں کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر چھِو یی سیانگ، ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول و بین الاقوامی تعلقات انگیون سوک وینگ، اور کمبوڈیا میں پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھیہم شامل تھے۔

دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ نے انڈیپنڈنس مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمبوڈیا کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پھو ل چڑھائے اور کمبوڈیا کی آزادی اور قومی جدوجہد کو سراہا۔ بعد ازاں، انہوں نے آنجہانی کنگ فادر پریاہ بوروم رتناک کاؤدھ کے شاہی یادگاری مجسمے پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، جو کمبوڈیا کی تاریخ، ثقافت اور قومی ورثے کے لیے پاکستان کے گہرے احترام کی علامت ہے۔ چیئرمین سینیٹ کمبوڈیا کی سینیٹ کے سولیڈیرٹی پیلس پہنچے، جہاں پولیار تھیپادی ہال میں ان کے اعزاز میں ایک پروقار سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر سامدیچ اکا موہا سینا پدیئی تیچو ہن سین نے ذاتی طور پر چیئرمین سینیٹ پاکستان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جس کے بعد دونوں وفود کے ارکان کا تعارف کرایا گیا اور رسمی خیرسگالی کا تبادلہ ہوا۔یہ دورہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پارلیمانی، سیاسی اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ، باہمی اعتماد کی مضبوطی اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کی تلاش میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کمبوڈیا کی جانب سے چیئرمین سینیٹ پاکستان کے اعزاز میں شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جو دونوں ممالک کے مابین گرمجوش دوستانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں