چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ مسلح افواج، سول و آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں،ہمارا یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی،اقتصادی اورسماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے”یوم آزاد ی” کے پر مسرت موقع پر اندرون اور بیرون ملک رہنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ ہمارا یوم آزادی آنے والے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی،اقتصادی اورسماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم جانتی ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے اقوام عالم کو کورونا وائرس جیسی خطرناک عالمی وباء نے گھیر رکھا ہے جس کی وجہ سے تمام ممالک کی معیشت، اقتصادیات، تعلیم،صحت سمیت تمام شعبے بری طرح متاثر ہوئے۔ کورونا وباء سے بچاؤ کے لئے احتیاط سمیت حفاظتی اقدامات بہت ضروری ہیں موجودہ حکومت نے اس موذی وباء سے نمٹنے کے لئے جو حکمت عملی اختیار کی جو قابل تحسین ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کیلئے ہم سب پر عزم ہیں۔مسلح افواج، سول و آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔ اللہ کے فضل سے ملک اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہوگیاہے جو ترقی وخوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور جس کے ثمرات پوری قوم کو میسر ہونگے۔ہمار ا مذہب اسلام محبت رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگا۔

اس دن ہم اپنے ہیروز اور ان تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا دل اور جان لگائی ہے کہ ہماری آزادی کسی اندرونی یا بیرونی عوامل سے متاثر نہ ہو۔آئیں عہد کریں کہ بابائے قومی کے نظریات اور علامہ اقبالۖ کی فکر کے تحت ہم ایمان و یقین، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی وناصر ہو۔