اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک بھر میں مقیم ہندو برادری کو رنگوں کے تہوار ہولی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہولی خوشیوں، محبت، امن، رواداری اور باہمی احترام کا حسین پیغام دیتی ہے۔ یہ تہوار نہ صرف رنگوں کی بہار لے کر آتا ہے بلکہ دلوں کو جوڑنے، رنجشوں کو مٹانے اور مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے ماننے والوں کے درمیان بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تہوار معاشرتی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور قومی اتحاد کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی اور کثیرالمذاہب معاشرہ ہے جہاں تمام شہریوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتیں ہمارے قومی دھارے کا ایک اہم اور قابل فخر حصہ ہیں جنہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی، تعلیم، صحت، تجارت اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ، ان کے مذہبی مقامات کی حفاظت اور ان کے آئینی و سماجی حقوق کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ باہمی احترام، برداشت اور رواداری ہی ایک مضبوط اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہیں، اور ہمیں مل کر ان اقدار کو فروغ دینا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ ہولی کا یہ خوشیوں بھرا تہوار ملک میں امن، استحکام، خوشحالی اور اتحاد کو مزید تقویت دے اور ہندو برادری سمیت تمام پاکستانیوں کے لیے کامیابیوں اور مسرتوں کا پیغام ثابت ہو۔









