سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا میرعلی میں خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے میرعلی میں خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی جرأت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے۔ جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فورسز کی مسلسل کوششیں اور عزمِ صمیم قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی مستعدی قوم کے اطمینان اور فخر کا باعث ہے، پوری قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کی بہادری اور حب الوطنی قوم کے اتحاد کی علامت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عزم و یکجہتی سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن ہے، افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے دشمن کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔