شہباز شریف 44

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے روڈ میپ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے’’سمیڈا‘‘ کے بزنس پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے آئندہ تین سال کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔

وزیراعظم نے قابل عمل و موثر پلان تشکیل دینے پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کو سراہتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی سے ملکی برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو بینکوں اور دیگر مالی اداروں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنےکی ہدایت کی۔

اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو درپیش مسائل اور ان مسائل کے سدباب کے لیے لائحہ عمل، ایس ایم ایز کو ملکی برآمدات میں شامل کرنے کے لیے حکمت عملی اور بزنس پلان میں شامل دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیادوں پر متعارف کرانے کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملکی ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے لیے حال ہی میں 6 شہروں میں متعدد ورکشاپوں کا انعقاد کیا جا چکا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے تیار کرنے کے لیے متعدد تربیتی پروگرامز پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس میں خواتین کی ایس ایم ای سیکٹر میں شرکت اور بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، سمیڈا کے نو منتخب بورڈ ارکان اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں