سید ناصر شاہ

چٹکلے چھوڑنا پی ٹی آئی کی عادت بن گئی ہے، ان کا بس یہی کام رہ گیا ہے ،سید ناصر شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خرم شیر زمان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ چٹکلے چھوڑنا پی ٹی آئی کی عادت بن گئی ہے، ان کا بس یہی کام رہ گیا ہے ، نااہلوں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ، صبح نیند سے اٹھ کر زہر اگلنا شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں نے کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں میں بہترین کارکردگی دکھائی، 400 ملی میٹر سے زائد ہونے والی بارشوں کا پانی 24 گھنٹوں میں نکال دیا گیا، کے ایم سی، ڈی ایم سیز ، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران و عملہ سڑکوں پر موجود تھا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، سب نے دیکھا کہ ناگن چورنگی ، نرسری ، ناتھا خان اور دیگر روایتی علاقوں میں اس بار زیادہ دیر پانی نہیں رکا۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ خرم شیر زمان بتائیں جو کراچی کی سب بڑی جماعت کا ہونے کا دعوی کرتے ہیں وہ کہاں تھے، یہ لوگ صرف ٹوئٹر اور سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے کے لیے بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں نے دوسرے اسپیل میں بھی بھرپور اقدامات کئے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ صوبائی وزرا، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کی مکمل تیاری ہے، گذشتہ روز میں نے شرجیل انعام میمن ، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ اور ایم ڈی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ہمراہ ٹاور ، اولڈ سٹی ایریا ، حسین آباد ، عزیز آباد کا دورہ کیا ہے، خرم شیر زمان کراچی کی فکر کرنا چھوڑ دیں ، ان کا یہاں کوئی اسٹیک نہیں۔ انہوں نے کہاکہ خرم شیر زمان اور اس کے ساتھی صوابی ، ٹانک ، ڈی آئی خان میں عوام کو مون سون کی مصیبتوں سے بچائیں۔