چٹا گانگ(ر پورٹنگ آن لائن)چٹاگانگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے۔پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے ، پاکستان پر 93 رنزکی سبقت بھی حاصل کرلی ہے۔پاکستان نے تیسرے دن کا کھیل بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو 52 رنز پر عبداللہ شفیق وپیلین لوٹ گئے، اگلی ہی بال پر اظہر علی بھی بغیر کھاتا کھولے ہی واپس لوٹ گئے، پاکستانی کپتان بابراعظم صرف 10 رنز بناسکے جبکہ فواد عالم بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور واپس پویلین چلے گئے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بنگلا دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکے اور صرف 5 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جب کہ سنچری اسکور کرنے والے عابدعلی نے شاندار 133 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پوری قومی ٹیم 286 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیل کے دوسرے روز بنگلا دیش کی ٹیم اسکور میں صرف 77 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے کھیل کے اختتام پر 145 رنز بنالیے تھے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخرزمان نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 49 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں لٹن داس اور مشفق الرحیم کی 206 رنز کی شراکت نے بنگلادیش کو مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کیا، دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔









