کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ چوروں اور زرداری مافیا کا دور ختم ہوگیا۔ سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کو اپنا گورنر مبارک ہو، ایم کیوایم کو اپنوں میں سے گورنر مل گیا، آپ کہتے تھے ایڈمنسٹریٹر اور گورنر ہمارا ہو۔ انہوں نے کہا کہ طارق شفیع، حامدزمان کو ایف آئی اے اٹھا کر لے گئی، ہمارے بندے اٹھارہے ہیں اور وہاں کوئی سوال نہیں کرتا۔
علی زیدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ کا بھی حساب ہونا تھا، ملک میں تماشہ لگا ہوا ہے، ایف آئی اے تاجروں کو ہراساں کررہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شریف خاندان آپس میں بھی سچ نہیں بولتا، مریم کہتی ہیں لندن تو کیا پاکستان میں جائیداد نہیں، بھائی کہتے ہیں الحمداللہ اپارٹمنٹس ہمارے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ انہیں اپنے دور میں ہی سزائیں ہوئیں، نوازشریف پٹاخہ نہیں پھاڑسکتا تو ایٹم بم کیسے پھاڑے گا۔ سابق وفاقی نے کہا کہ کہتا ہے ایٹمی دھماکے پر امریکا نے دھمکی دی میں نے ایبسولوٹلی ناٹ کہا، رات کو دیکھا لندن سے کامیڈی شوہو رہا تھا۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے اقتدار میں آئے گی، سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی ہی بنائے گی۔