لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ چندے اور قرضے سے چلنے والی حکومت معیشت پر لیکچر دیتی اچھی نہیں لگتی، چندے اور زکوة سے فلاحی ادارے چل سکتے ہیں ایٹمی ملک نہیں۔
مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ منگترل خان کو اب گوگل بھی انٹرنیشنل بھکاری کا خطاب دے رہا ہے، 2017میں دنیا پاکستان کو 10بڑی معاشی طاقتوں میں شامل ہونے کی پیشگوئیاں کررہی تھی، پاکستان کی معیشت افغانستان ،عراق اور شام کے برابر لاکھڑی کردی گئی ہے، اب تو اسٹیٹ بینک نے بھی کہہ دیا ہے کہ حکومتی اخراجات کی وجہ سے خزانے پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ظل تباہی کی کفاعت شعاری مہم صرف مرغیاں،کٹے اور انڈوں تک محدود تھی، آئی ایم ایف کی غلامی کے چکر میں پوری قوم کو جنگ عظیم دوئم یاد کرادی ہے، عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف اسٹیٹ بنادیا ہے، منی بجٹ عمران خان کے چار وزراخزانہ کی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لولی لنگڑی حکومت سہاروں اور بیساکھیوں سے اپنے دن پورے کررہی ہے۔