کراچی (رپورٹنگ آن لائن)اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ جو لڑکیاں ان کی اداکاری دیکھتی ہیں، انہیں پسند کرتی ہیں، وہ انہیں آئیڈیل کے طور پر دیکھ کر انسپائریشن لیں۔مہوش حیات نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مِختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے کم لیکن اچھا کام کیا ہے، جس وجہ سے ان کا نام اور چہرہ لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہوچکا ہے۔ان کے مطابق عام طور پر وہ سال میں صرف ایک ہی پروجیکٹ میں کام کرتی رہی ہیں لیکن ان کا ایک ہی پروجیکٹ بہت اچھا ہوتا ہے، جس وجہ سے ان کا کام ہمیشہ لوگوں کو یاد رہتا ہے۔مہوش حیات کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے چیلنجنگ اور مشکل کردار ادا کرنا چاہتی تھیں اور یہ کہ وہ ہدایت کاروں کو بھی اولین پسند ہیں۔ان کے مطابق جب بھی فلم یا ڈرامے میں کوئی مشکل کردار تخلیق کیا جاتا ہے تو فلم اور ڈراما سازوں کے لیے وہ اولین پسند ہوتی ہیں، ہر کوئی ان کی طرف ہی ایسے کرداروں کے لیے دیکھ رہا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں خواتین کی کہانیاں اور کردار ہونے چاہیے، کسی خاتون پولیس افسر، ڈاکٹر یا وکیل کی اچھی کہانی ہونی چاہیے جو خواتین کو آگے بڑھنے کے ترغیب دے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے ابھی 20 سال نہیں ہوئے لیکن ان کے اچھے کام کی وجہ سے لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ 20 سال یا اس سے زائد عرصے سے کام کر رہی ہیں۔مہوش حیات کا کہنا تھا کہ انہیں شوبز میں کام کرتے ہوئے 12 سے 15 سال ہوئے ہیں لیکن اچھے کام کرنے کی وجہ سے لوگوں کو لگتا ہے کہ انہوں نے کافی کام کیا اور وہ کئی سال سے کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ شوبز انڈسٹری میں مزید 20 سال تک کام کرتی رہیں گی اور انہیں پوری توقع ہے کہ دو دہائیوں بعد وہ انتہائی اعلی مقام پر ہوں گی۔اسی دوران بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اچھا کام کرنے کی کوشش کی،کیوں کہ ان کی خواہش ہے کہ جو لڑکیاں انہیں پسند کرتی ہیں، وہ ان سے انسپائریشن لیں۔مہوش حیات کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو انہیں آئیڈیل کے طور پر دیکھ کر ان سے انسپائریشن لینی چاہیے اور ان سے ترغیب حاصل کرنی چاہیے۔