وحید مراد

چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو دنیا چھوڑے38برس بیت گئے

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہری دور کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کو دنیا چھوڑے38برس بیت گئے۔ وحید مراد پاکستانی فلم انڈسٹری میں اپنی خوبصورت شخصیت ، بھرپور آواز اور صلاحیتوں کی وجہ سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

اداکاری میں رومانوی اسٹائل نے انہیں ملک کے فلم بینوں اورنوجوان طبقے کا سب سے زیادہ پسندیدہ ہیرو بنا دیا۔ وحید مراد دو اکتوبر1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کی تہلکہ خیز فلم ارمان نے برصغیر کی فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہیں 1964 میں ہیرا اورپتھر، ارمان (1966)، عندلیب (1969)اور مستانہ ماہی (1971)میں شاندار اداکاری پر نگار ایوارڈ جبکہ 2002 میں لائف ٹائم لیجنڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1980 میں وحید مراد ایک حادثے کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے ان کا چہرہ شدید زخمی ہوگیا اور پلاسٹک سرجری کرانا پڑی اور 23نومبر1983کو صرف45برس کی عمر میں فلم انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

وحید مراد کی وفات کے ستائیس سال بعد نومبر2010میں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔