شی جن پھنگ

چائنا میڈیا گروپ کے تیارکردہ پروگرامز کی اپیک ممالک کے میڈیا اداروں میں نشریات

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین کے صدر شی جن پھنگ کی جنوبی کوریا کے شہر گیونگ جومیں منعقد ہونے والے 32ویں اپیک اقتصادی سربراہان اجلاس میں شرکت اور جنوبی کوریا کے سرکاری دورے کے موقع پر، چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے اپنی اعلیٰ معیار کی فلمی و ٹیلی وژن تخلیقات پر مشتمل “اپیک رکن معیشتوں میں خصوصی نشریاتی سرگرمی” کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خصوصی سلسلے میں “شی جن پھنگ کی ثقافت میں گہری دلچسپی”،”چینی طرز جدیدیت کی راہ” سمیت دس سے زائد سی ایم جی کے اعلیٰ معیار کے پروگرامز آسٹریلیا، کینیڈا، چِلی، انڈونیشیا، جنوبی کوریا، پیرو، روس، تھائی لینڈ، امریکہ سمیت 14 ایشیا پیسیفک ممالک کے 22 مرکزی ذرائع ابلاغ پر تسلسل کے ساتھ نشر کیے جا رہے ہیں۔

سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے محکمہ تشہیر کے نائب سربراہ اور چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے اپنے ورچوئل پیغام میں کہا کہ صدر شی جن پھنگ نے واضح فرمایا ہے کہ” ایشیا پیسیفک ہمارا مسکن ہے، یہی عالمی اقتصادی نمو کی توانائی کا سرچشمہ ہے، اور کھلے پن، شمولیت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون ہی درست راستہ ہے۔” چین، اپیک میں شمولیت کے بعد سے، نہ صرف اس تنظیم کا ایک اہم شریک اور قابلِ قدر معاون رہا ہے بلکہ اقتصادی عالمگیریت کا سرگرم حامی اور رہنما بھی ہے۔

شین ہائی شیونگ نے کہا کہ اس موقع پر سی ایم جی کی جانب سے جنوبی کوریا، انڈونیشیا، روس، پیرو اور دیگر ممالک کے نمایاں میڈیا اداروں کے ساتھ مل کر اس مشترکہ نشریات کا انعقاد، ایشیا پیسیفک خطے میں بین الثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کی ایک اہم عملی کاوش ہے۔ سی ایم جی ایشیا پیسیفک کے تمام ممالک کے دوستوں کے ساتھ باہمی سیکھنے اور اشتراکِ عمل کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، تاکہ علاقائی امن، استحکام، خوش حالی اور ایشیا پیسیفک کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر میں نئی خدمات انجام دی جا سکیں۔
یہ خصوصی نشریاتی سرگرمی دسمبر کے اختتام تک جاری رہے گی۔