لاہور( رپورٹنگ آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا ملک و قوم کیلئے کوئی نظریہ نہیں لیکن کرپشن کا نظریہ ایک ہے ،میثاق جمہوریت ملک کو مضبوط کرنے کیلئے نہیں بلکہ باریاں لینے کی دستاویز تھی ،لاکھ کوششوں کے باوجود این آر او نہ ملنے پر ”انگور کھٹے ہیں” کی گردان شروع کر دی گئی ہے ۔
میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم صفدر کا یہ کہنا کہ خاندان کے افراد کو شہباز شریف سے نہیں ملنے دیا جاتا انتہائی مضحکہ خیز ہے ،شہباز شریف جن سے ملنا چاہتے ہیں ان سے ان کی ملاقات ہو جاتی ہے ،آپ اپنا بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ مریم صفدر کو بینظیر بھٹو کی 13ویں برسی کے بعد ان کی ملک اور جمہوریت کیلئے خدمات یاد آئی ہیںاور ان کی برسی میں شرکت کو اپنے لئے فخر بھی قرار دے رہی ہیں۔آپ اصل مقصد ہر اس در پر جانا ہے جہاں سے آپ کی سیاست کو تقویت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اراکین قو می و صوبائی اسمبلی کے استعفوں کے دعوے تو کر رہی ہیں لیکن شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا استعفیٰ کہاں ہے؟۔