لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ریاست مخالف اپوزیشن کا غیرفطری اتحاد پی ڈی ایم اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
جمعرات کو اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ غیرفطری اتحاد کی داغ بیل اپنے کرپشن کے داغ چھپانے کے لیے ڈالی گئی، اپوزیشن اتحاد جس عجلت میں بنا، اتنی ہی تیزی سے یہ ختم ہورہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی وسائل بے دردی سے لوٹنے والوں کے چہرے آشکار ہوچکے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا لوٹ مار کا دور قصہ پارینہ بن چکا ہے، ماضی میں قومی خزانے پربے دردی سے ہاتھ صاف کیے گئے، سابق دور میں لوٹ مار کرکے ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے بڑے بڑے بت بے نقاب کیے ہیں، 22کروڑ عوام جانتے ہیں ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔









