پی ڈی ایم

پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس کل ہوگا،لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق اہم اعلان متوقع

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا اہم سربراہی اجلاس کل پیر کو ہو گا جس میں لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں سے متعلق اہم اعلان متوقع ہے،اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں سربراہی اجلاس میں لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق حتمی سفارشات پیش کرینگی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس پیر کوسربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہو گا ،اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتیں سربراہی اجلاس میں اپنی، اپنی جماعتوں کی لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق حتمی سفارشات پیش کرینگی۔

اس سے قبل پی ڈیم ایم کا سربراہی اجلاس 23نومبر کو ہوا تھا جس میں مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف نے موقف اپنایا تھاکہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کے حق میں ہوں، سینیٹ سے استعفے نہیں دینے چاہئیں، سینٹ ایک مستقل ایوان ہے۔پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کی تجویز کی حمایت کی تھی،23نومبر کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے حکومت مخالف احتجاج میں تاخیر پر پی ڈی ایم سربراہی سے مستعفی ہونے کی بھی دھمکی دی تھی۔

اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ 6دسمبر کو پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے قبل تمام جماعتیں اپنی کور کمیٹیوں سے تجاویز لے کر آئیں گی ،جس کے بعد حتمی پالیسی اور انتہائی اہم اعلانات کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس یکم دسمبر کواسلام آبادمیں ہوا تھا جس میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کی گئی تھیں جو پیر کو پیش کی جائیں گی ۔