لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم چلے ہوئے کارتوسوں کا تلف شدہ ذخیرہ ہے جوصرف سلگ کر سیاسی آلودگی کا سبب بن سکتاہے،پی ڈی ایم ایک بار پھرشوق سے سڑکوں کی خاک چھان لے ، اگر وائٹ پیپر جاری کرنا ہے تواپنے کرتوتوں پر کریں جس سے ملک کا دیوالیہ نکل گیا،مولانافضل الرحمان صاحب عوام کو بیوقوف نہ سمجھیں آپ غریب عوام کی نہیںبلکہ آپ ہمیشہ کرپشن کرنے والوںکی آوازبنے ہیں اور ان سے اپنا حصہ وصول کرتے ہیں ۔
ایک بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی بیروزگاروںکی ایسوسی ایشن ہے، اگریہ لوگ اپنی جماعتوںکے رہنمائوں اورکارکنوں کو ساتھ رکھنے کیلئے جلسے جلوسوںکے ڈرامے بھی نہ کریں توکیا کریں؟۔پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعدبریفنگ دینے والے تمام رہنمائوں کے چہروںپر بیزاری کاعنصر نمایاں تھا جس سے یہ بخوبی اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک کتنی موثرہو گی ۔
انہوںنے کہا کہ افغانستان کی وجہ سے پورے خطے کی صورتحال انتہائی مشکلات کا شکار ہے لیکن اپوزیشن کو ایسے میںبھی اپنی سیاست چمکانے کی فکر پڑی ہوئی ہے ، عوام اپوزیشن کے منفی کردار پرکڑی نظررکھے ہوئے ہیںاور وقت آنے پر ان کا کڑامحاسبہ کریں گے۔
٭