پی ڈی ایم

پی ڈی ایم نے پیپلزپارٹی کو پہلے مرحلے میں صرف قومی اسمبلی، پھر صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن دیدیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پیپلزپارٹی کو پہلے مرحلے میں صرف قومی اسمبلی، پھر صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن دیدیاجبکہ پیپلزپارٹی کے بغیر بھی لانگ مارچ اور دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن اور نواز شریف کے درمیان ایک اور ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو آصف زرداری سے رابطے کے متعلق اعتماد میں لیا اور بتایا کہ لانگ مارچ ہر صورت ہو گا،آصف علی زرداری کو پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی، پھر صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کو ساتھ لیکر چلنے کی خواہش ہے لیکن اگر پیپلز پارٹی نے ساتھ نہ بھی دیا تو لانگ مارچ اور دھرنا ہو گا۔انہوں نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سے تمام جماعتیں چھوڑ بھی گئیں تو بھی حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا، حکومت مخالف تحریک زور و شور سے جاری رہے گی۔