لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ناکامی کوجتنی بار مرضی آزما لے اسے کامیابی میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا،اگر پی ڈی ایم میں موجود ایک طبقہ یہ سمجھ رہا ہے کہ ان کے منفی بیانیے سے قومی سلامتی کے ادارے کی مقبولیت کم ہوئی ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے ،ملک میں آج ہی سروے کرالیا جائے یہ ادارہ ملک وقوم کیلئے دی گئی قربانیوں کی وجہ سے مقبولیت میں پہلے نمبر پر ہوگا ،مریم صفدر نے واضح اعلان کردیا ہے کہ میں تنہا مسلم لیگ(ن) ہوں۔
پارٹی کے مرکزی دفتر میں پارٹی رہنمائوںکے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے ہمایوںاختر خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کوتوچت نہیںکر سکی البتہ اتحادمیں شامل تمام جماعتوںنے ایک دوسرے کو ضرور پچھاڑ دیا ہے ۔مسلم لیگ(ن) کے اجلاس کی جواندورونی کہانی سامنے آئی ہے اس سے واضح ہے کہ اس میں تقسیم کاعمل شروع ہو چکا ہے اور آنے والے دنوںمیں اس میںمزید شدت آئے گی ۔
انہوںنے کہا کہ پنجاب میں حکومت کوتبدیل کرنے کی باتیں دیوانیں کی بڑ ہے ،بتایا جائے مسلم لیگ(ن)میں کون سا دھڑا یہ خواہش رکھتا ہے ، پنجاب میںاتحادی ہمارے ساتھ ہیں اورانہوںنے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی بنیاد پر ہمارے ساتھ انتخاب لڑاوہ اس سفر میں کبھی اپنے راستے جدا نہیںکریں گے ۔انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم اب قصہ پارینہ بن چکی ہے ٹیلیفونک رابطے اب اس مردہ اتحاد میںجان نہیں ڈال سکتے۔