اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی شکست کے بعد حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے 15مارچ کو اکھٹے ہونگے ۔
مولانا فضل الرحمان پاکستان پیپلز پارٹی کے مطالبے پر پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کا انعقاد کررہے ہیں، جو پیر کواسلام آباد میں ہوگا، جس میں سینیٹ میں شکست کے بعد کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز کے ساتھ تمام جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے، جہاں پی ڈی ایم امیدواروں کی شکست کا معاملہ زیر غور آئے گا، وہیں حکومت کو کم ازکم چھ اضافی ووٹ کا معاملہ بھی دیکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کو اپنے امیدوار کے لئے 44 ووٹ پڑنے پر تحفظات ہیں، اگر یوسف گیلانی کو 49 ووٹ پڑے تو غفور حیدری کے ساتھ دغا کیوں ہوا؟ جے یو آئی سوال اٹھائیگی۔ پیر کے روز ہونے والے سربراہی اجلاس میں “سب اچھا” نہیں ہوگا۔اجلاس میں کھل کر ساری صورتحال پر گفتگو ہوگی، تحریک عدم اعتماد بارے بھی غور ہوگا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے وضاحت بھی پیش کی جائے گی۔