اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پی ڈی ایم تتر بتر ہوگئی ،جتنے چاہے جلسے جلوس کرلیں یہ کچھ نہیں کرسکتے، پہلے دو فیز بھی فلاپ ہوئے پی ڈی ایم کا تیسرا فیز بھی فلاپ ہوگا، پی ڈی ایم جتنے مرضی جلسے کرلے عوام انہیں مسترد کرچکی ہے،عوام عمران خان کے انقلابی فیصلوں کے ساتھ ہیں ہم اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر دوبارہ اقتدار میں آئیں گے اپوزیشن ہمارے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پی ڈی ایم تتر بتر ہوگئی جتنے چاہے جلسے جلوس کرلیں یہ کچھ نہیں کرسکتے۔ پہلے دو فیز بھی فلاپ ہوئے پی ڈی ایم کا تیسرا فیز بھی فلاپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے استعفے لطیفے بن گئے ان کے جلسے فلاپ ہیں۔ پی ڈی ا یم کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہوگئی اس سے کوئی خطرہ نہیں۔ اپوزیشن نے شروع سے ہی چھوئی موئی اپوزیشن کی‘ تعمیری کردار ادا نہیں کیا۔ مفاد عامہ کی قانون سازی میں عملی کردار ادا نہیں کیا ہر بار صرف این آر او مانگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات میں ہمارا ساتھ دیں لیکن اپوزیشن ہمارے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں۔ شفاف الیکشن کے لئے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ یہ سب جماعتوں کے لئے اہم ہے لیکن اپوزیشن اپنا مفاد دیکھتی ہے۔ انہیں صرف اپنے کیسز میں ریلیف چاہئے۔
انہوں نے یہی فیٹف قانون سازی میں کیا انتخابی اصلاحات میں یہی کرنا چاہتے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پی ڈی ایم جتنے مرضی جلسے کرلے عوام انہیں مسترد کرچکی ہے۔ عوام عمران خان کے انقلابی فیصلوں کے ساتھ ہیں ہم اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر دوبارہ اقتدار میں آئیں گے اپوزیشن ہمارے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے۔