ہمایوں اختر خان

پی ڈی ایم اپنی تحریک سمیت آئندہ چند ہفتوں میں ناک آﺅٹ ہو جائےگی، ہمایوں اختر خان

ؒلاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک و قوم کے مفاد میں نہیں بلکہ صرف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں سڑکوں پر ہے ،

اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں اپنی واضح شکست کو دیکھتے ہوئے عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرناچاہتی ہے لیکن یہ اپنے منفی عزائم میں ناکام رہیں گے،حکومت کی جانب سے کورونا کی شدید لہر میں جلسوں کوکچھ وقت کیلئے موخرکرنے کی اپیل کو اپوزیشن اپنی کامیابی سے تعبیر کر رہی ہے جس سے واضح ہوگیا ہے کہ یہ چھوٹی چھوٹی خوشی کےلئے ترس رہے ہیں۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک و قوم کے مفاد میں تحریک نہیں چلا رہی بلکہ اس کے پیچھے ان کے ذاتی مقاصد ہیں اس لئے حکومت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں، پی ڈی ایم اپنی تحریک سمیت آئندہ چند ہفتوں میں ناک آﺅٹ ہو جائے گی اور انشا اللہ ان پر ایسا وقت بھی آنے والا ہے کہ یہ دوبارہ ووٹ مانگنے کےلئے عوام کا سامنا بھی نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی اپوزیشن ہے جو ملک کو درپیش مسائل پر بات کرنے کی بجائے صرف اپنے ریلیف کےلئے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں ، یہ کیسے ہو سکتا ہے جو جماعت کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے نام پر ووٹ لے کر اقتدار میں آئی ہو وہ کرپشن کی آبیاری کرنے والوں کورعایتیں دیدے ۔کرپشن کے کےسز کے فیصلے احتساب کے اداروں اور عدالتوں میں ہو رہے ہیں اور پہلی دفعہ ہے کہ حکومت ان میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی ،کئی تیرہ دسمبر آئیں گے او رگزر جائیں گے لیکن حکومت نہ صرف 2023کی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ بھی تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی۔