پنجاب پبلک سروس کمیشن 78

پی پی ایس سی کا مختلف محکموں کی آسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پنجاب پبلک سروس کمیشن نے مختلف محکموں کی آسامیوں کے تحریری اور حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ، مجموعی طور پر دو محکموں کے تحریری نتائج اور پانچ محکموں کے حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں۔

سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد کی جانب سے کامیاب امیدواروں کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق کمیشن نے حکومت پنجاب کے دو محکموں کی آسامیوں کے تحریری نتائج جاری کیے ہیں۔کمیشن میں سٹینوگرافرز کی 15 آسامیوں کے لیے 69 امیدوار تحریری، ٹائپنگ اور پروفیشنسی ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے ہیں۔محکمہ ریونیو، ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں جونیئر کلرک کی 43 آسامیوں کے لیے 15 امیدوار تحریری، ٹائپنگ اور پروفیشنسی ٹیسٹ میں کامیاب ہوئے ہیں۔کمیشن نے مزید پانچ محکموں کی آسامیوں کے حتمی نتائج بھی جاری کر دیے ہیں۔ پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی میں اسسٹنٹ کی آسامیوں کے لیے امیدواروں کو حتمی طور پر موزوں قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، ساہیوال زون میں ضلع دار کی 17 آسامیوں کے لیے امیدواروں کی سفارشات صوبائی حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر آف اورل پیتھالوجی کی ایک آسامی کا حتمی نتیجہ بھی جاری کیا گیا ہے۔کمشنر آفس ملتان ڈویژن میں اکائونٹنٹ کی ایک آسامی کے لیے امیدوار کی سفارش کر دی گئی ہے۔ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر آفس مری میں جونیئر کلرک کی دو آسامیوں پر امیدواروں کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ مزید تیرہ آسامیاں موزوں امیدوار نہ ملنے کے باعث خالی رہ گئیں۔

تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویو کے کال لیٹرز جلد پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دئیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لیے انٹرویو کے وقت اصل اسناد اور متعلقہ دستاویزات ساتھ لانا ضروری ہے۔ حتمی نتائج کی تفصیلات اور نوٹیفکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں