عظمی بخاری

پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ان کو چھوڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اپنے لوگ ان کو چھوڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے اظہر عباس چانڈیا کی عثمان بزدار سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے ہے کہ اظہر عباس چانڈیا کو مسلم لیگ(ن)نے معافی تلافی کے باوجود قبول نہیں کیا ہے۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ اظہر عباس چانڈیا کو مسلم لیگ(ن)سے نکالا جا چکا ہے،یہ تحفے شوق سے قبول فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ کی یقین دہانی مانگ رہے ہیں، ان لوگوں کا کہنا ہے اگر ہمیں ٹکٹ کی گارنٹی دیں ہم ان کی حکومت کو ٹھوکر مارنے کو تیار ہیں۔

عظمی بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب محاذ بھی اڑان بھرنے کی تیاریاں کررہا ہے، عثمان بزدار آپ کی کارکردگی کی وجہ سے ہی کنٹونمنٹ الیکشن میں پنجاب میں آپ تیسرے نمبر پہ آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ(ن)عوام کی مدد سے انشااللہ اگلی حکومت بنانے کی تیاریوں میں ہے۔