کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 9مئی کا انتشار عمران خان نے پھیلایا جب کہ ملک کو نقصان پہنچانا بھی پی ٹی آئی کی ترجیحات کا حصہ ہے،قومی شاہراہوں پر حادثات ن لیگ کی نااہلی ہے، وزیراطلاعات پنجاب نے ٹریفک حادثات پر سیاست کی کوشش کی، پنجاب کی وزیراعلی، وزیراطلاعات بغیر حقائق بیانات دیتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ اسمبلی اجلاس میں وہ تمام بلزجوگورنرنیاعتراضات لگاکربھیجے تھے، وہ سب پاس کریں گے۔ کابینہ میں فیصلہ ہوا تھا کہ سرکاری ملازمتوں پر عمر میں 5 سال کی رعایت دی گئی ہے، جس سے سندھ بھر کے نوجوانوں میں امید کی کرن پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیہون کے روڈ پر روزانہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔
حکومت سندھ نے 7 ارب روپے دیے لیکن ابھی تک روڈ نہیں بنا۔ قومی شاہراہوں پر حادثات ن لیگ کی نااہلی ہے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ وفاق میں سب سے زیادہ حکومت مسلم لیگ ن کی رہی ہے، اگر روڈز مکمل نہیں ہوئے تو یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں کہ جواب بھی آئے گا۔ ہم جھوٹی باتیں نہیں کریں گے، ہم صرف آپ کو سچ بتائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سندھ میں حقیقی مینڈیٹ ہے، عوام نے پیپلز پارٹی کو سراہا ہے۔ آپ کا مینڈیٹ اور آپ کی خدمت سب کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات نے بھی چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے خلاف بیان دیا۔ پی ٹی آئی کی سیاست میں ملک کو نقصان پہنچانا شامل ہے۔ آئی ایم ایف کو کال پی ٹی آئی والوں نے کی، پی ٹی آئی کی ترجیحات میں ملک کو نقصان پہنچانا شامل ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ہمیشہ اس ملک کے حق میں فیصلے کیے ہیں۔ 9 مئی کا انتشار عمران خان نے پھیلایا۔ خیبر پختونخوا والے ہم پر تنقید کرنے سے پہلے خود اپنی کارکردگی دیکھیں۔ وہاں ڈر اور خوف کا ماحول ہے۔ 5 بجے کے بعد خیبر پختون خوا میں کوئی گھر سے نہیں نکلتا۔ آپ کا وزیراعلی عوام کی خدمت چھوڑ کر عمران خان کو نکالنے میں مصروف ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ 15 برس سے خیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اگر اتنی اچھی کارکردگی کے پی کے میں ہے تو لوگ ملازمتوں کے لیے سندھ میں کیوں آتے ہیں؟۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا وزیراعلی جس طرح حکومت کررہاہے وہ خود ان کو جواب ہے۔ وہاں 5 بجے کے بعد تھانوں کو تالے لگ جاتے ہیں۔ عوام کو ریلیف خیبرپختونخوا میں نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی بلیک میلنگ کی سیاست نہیں کی ۔ ن لیگ کا ساتھ شوق میں نہیں دیا، ہم نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کیلیے ن لیگ کا غیرمشروط ساتھ دیا۔ پی ٹی آئی نے کسی جماعت سے بات نہ کرنے کا بیان دیا تھا۔سندھ نے ہمیشہ ن لیگ پی ٹی آئی کو مسترد کیا۔









