چوہدری فواد حسین

پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات لگانے والوں کی اپنی کوئی ساکھ نہیں ، چوہدری فواد حسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت پر الزامات لگانے والوں کی اپنی کوئی ساکھ نہیں ، اپوزیشن نے اداروں میں اصلاحات کیلئے کوئی کام نہیں کیا ، پاکستان کو آگے بڑھنے کے لئے روایتی سیاست سے آگے جانا ہوگا ۔

نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک حقیقی جمہوری پارٹی ہے جس میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں ۔ کابینہ کے اجلاس میں سب ارکان کھل کر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کا کوئی بیانیہ نظر نہیں آرہا ، ہماری اپنی پرفارمنس کا امتحان ہے ، ہم نے اپنے ووٹروں اور سپورٹرز کو مطمئین کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پی پی پی اور پاکستان مسلم لیگ ن سے بہت بہتر ہے ۔

کراچی کے مسائل سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی کا گلہ ہے کہ صوبائی حکومت نے اسے فنڈز کا حصہ نہیں دیا جو اسے ملنا چاہیے تھا ۔پرویز مشرف کے بعد کراچی کو فنڈز نہیں دیے گئے انہوں نے کہا کہ اس صوبے کے وزیر اعلیٰ نے مغل بادشاہوں کی طرح حکومت کی ۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بلوچستان جاکر تربت میں ہسپتال کے قیام کے لئے 75کروڑ روپے دیئے ۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی این ایف سی ایوارڈ کے لئے چھلانگیں لگا رہی ہے مگر یہ صوبائی فنانشل ایوارڈ پر بات کرنے کے لئے تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ ن کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور عوام کے لئے کچھ سوچنا چاہیے وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی احتساب بیورو میں تمام تعیناتیاں اپوزشن کے دور حکومتوں میں ہوئی جو اداروں میں اصلاحات لانے کے لئے تیار نہیں ۔