لاہور( رپورٹنگ آن لائن)رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اگر کوئی عمرانیت پر فرنٹ فٹ پر آئے تو فرنٹ رہے گا نہ فٹ،کل( پیر) پیر سے ایسی کی تیسی ہوگی، پی ٹی آئی کے خلاف نااہلی، پابندی اور نو مئی کیسز کا منطقی انجام آپشنز میں شامل ہے،بھارت کا لبادہ اوڑھ کر ایوان میں بیٹھے افراد کو کیڑے مکوڑوں کی طرح مسل دیا جائے گا۔
انہوں نے اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمرانیت کے نام پر ریاستی اداروں کے خلاف سازش کی گئی تو ریاست بھرپور ردعمل دے گی۔9 مئی کے کیسز، نااہلی، پابندی، گورنر راج اور خیبرپختونخوا ہ میں مفرور عناصر کے خلاف کارروائی کو آپشنز میں شامل کیا جا چکا ہے۔ فیصل واوڈا نے پارلیمان میں پی ٹی آئی کے اراکین پر شدید تنقید کی اور کہا کہ بھارت کا لبادہ اوڑھ کر کچھ لوگ ایوان میں بیٹھے ہیں، انہیں کیڑوں مکوڑوں کی طرح مسل دیا جائے گا۔انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل فوج پر حملے کرتے رہے ،پاکستان کے دشمن ایم این اے، سینیٹرز اور وزرا ء افغانستان چلے جائیں۔
انہوں نے بیرسٹر گوہر خان کو مخلص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں سے مختلف ہیں۔خیبر پختوانخواہ کے وزیراعلی کے حوالے سے واوڈا نے بتایا کہ انہیں بدمعاشی نہ کرنے کی وارننگ دی گئی تو وہ واپس چلے گئے اور سہیل آفریدی نہ اڈیالہ آئے اور نہ اسلام آباد ہائی کورٹ تو بہنوں کی ملاقات ہوگئی،خیبرپختونخوا ہ میں ایک انفارمیشن سیکرٹری بھی مفرور ہے اسے بھی پٹہ ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ،جو لوگ لسانیت پھیلا رہے ہیں ان کا منہ کالا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست میں لسانی ہوا دینا مناسب نہیں اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں جوجیساکرے گا ویسا ہی بھرے گا، ڈرنے اور ڈرانے کا وقت ختم ہو گیا، اب ایکشن کی باری ہے، غنڈہ گردی اور بدمعاشی والے مٹھی بھر ہیں، آج پیر سے لوگ سرنڈر کرنا شروع کر دیں گے۔انہوںنے کہا کہ بڑے بڑے توپ پہلے ہی ہاتھ اٹھاچکے ہیں، کچھ لوگوں کو پٹہ ڈالا جائے گا، ہماری افواج نے کئی گنا بڑی قوت کو شکست دی ہے۔









