اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نیپاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کے لیے اس کے متضاد اور غیر سنجیدہ انداز پر تنقید کرتے ہوئے اسے بچگانہ اور غیر سنجیدہ رویہ قرار دیا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کو بڑے جوش و خروش سے شروع کرنے والوں نے بغیر کسی منطقی وجہ کے اچانک اسے چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس ایک منظم اور نظم و ضبط پر مبنی فیصلہ سازی کے عمل کا فقدان ہے، ان کے بانی ایک بات کہتے ہیںجبکہ دوسرے رہنما بالکل مختلف خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ابتدائی طور پر وہ مذاکرات میں شامل ہونے سے ہچکچاتے تھے۔
بعد ازاں انہوں نے اپنے تحریری مطالبات میں تاخیر کرکے وقت ضائع کیا۔ جب انہوں نے بالآخر انہیں جمع کرایاتو دونوں کمیٹیوں نے باہمی اتفاق کیا کہ حکومت سات دنوں کے اندر تحریری جواب فراہم کرے گی جس کی آخری تاریخ 28 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ تاہم پی ٹی آئی نے مقررہ تاریخ سے پہلے ہی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر پی ٹی آئی 28 جنوری کو میز پر واپس آنا چاہتی ہے تو ان کا استقبال ہے۔
اس وقت تک، ہمارا کوئی اعلان کرنے کا منصوبہ نہیں ہے، ہم ان کے مطالبات کے جواب پر 80 فیصد کام پہلے ہی مکمل کر چکے ہیں اور باقی کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہیں بشرطیکہ وہ مذاکرات جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کریں۔پی ٹی آئی کی مجموعی حکمت عملی پر تبصرہ کرتے ہوئیسینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ تمام منفی ہتھکنڈوں جیسے نفرت پھیلانے، بدامنی کو ہوا دینیاور ناکام پروپیگنڈہ چلانے کے بعد انہوں نے مختصر طور پر مذاکرات کی طرف رجوع کیا۔ یہ ان کی اخلاص کی کمی اور تعمیری سیاسی عمل کو برقرار رکھنے میں ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ممکنہ طور پر پی ٹی آئی کا خیال ہے کہ حکومت کے ساتھ جمہوری مذاکرات میں شامل ہونا ان کے سیاسی ایجنڈے سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بجائے وہ اپنی منفی سیاست کے پرانے طرز کی طرف مائل نظر آتے ہیں جس میں ملک کے خلاف لابنگ اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بے بنیاد سازشوں کو فروغ دینا شامل ہے۔
انہوں نے حکومت کو چیلنج کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنانے کی پی ٹی آئی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوششیں ضرور ناکام ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ان کی منفی سیاست کی حمایت نہیں کریں گے اور حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے لیے کوئی دوسرا اہم سیاسی کھلاڑی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مضبوط اتحاد بنانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔