اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان اورسیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر احتجاج کا اعلان ملک دشمنی کا ثبوت ہے،اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان مخالف ہے۔
ہفتہ کو وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شنگھائی تعان تنظیم اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کے اعلان پر شدید رد عمل میں کہا کہ ایس سی او کے اہم اجلاس کے موقع پر احتجاج کا اعلان پی ٹی آئی کے عزائم ظاہر کرتے ہیں۔امیرمقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک بار پھر اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا،پاکستان کیلئے شنگھائی تعان تنظیم کا اجلاس نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے سامنے پاکستان کی کیا ساکھ پیش کرنا چاہتے ہیں؟ پہلے چین کے صدر کے دورے کو ملتوی کیا اب ایس سی او اجلاس کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،کسی بھی صورت اس موقع پر احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی،احتجاج کا اعلان قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج اور جلسے جلوس کسی اور وقت بھی کئے جاسکتے ہیں،عمرانی فتنہ بیرونی ایجنڈا پر ملک میں ہر وقت انتشار پھلانے کی کوشش میں رہتا ہے۔
٭٭٭٭٭