مرتضیٰ وہاب

پی ٹی آئی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے‘ دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں پاکستان میں نہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام کا جینا محال کردیا ہے‘ ساری دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں لیکن پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جارہی‘ مہنگائی صرف کراچی میں نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے‘ خود حکومتی وزراءبیان دے رہے ہیں کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا سامنا نہیں کر پاتے ‘ سندھ 67فیصد گیس ملک کو دے رہا ہے لیکن حالت یہ ہے کہ سندھ میں گھروں میں جلانے کے لئے گیس نہیں‘ گیس نہ انڈسٹری کو مل رہی ہے نہ لوگوں کو‘ نااہل حکمرانوں نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

بدھ کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک بھر میں گیس کی شدید قلت ہے۔ عمران خان حکومت عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ وہ عوام کو بتانے سے قاصر ہیں کہ گیس کی کمی کے لئے متبادل انتظامات کیا کئے گئے ہیں۔ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ گیس سندھ میں پیدا ہورہی ہے جہاں ملک کی گیس کا 67فیصد نکل رہا ہے لیکن سب سے زیادہ قلت اور کمی سندھ میں ہے۔ لوگوں کو گھروں میں جلانے کے لئے گیس نہیں کہ روٹی پکا سکیں فیکٹریاں بند کی جارہی ہیں لوگوں کا روزگار چھینا جارہا ہے اور ٹرانسپورٹروں کے لئے بھی گیس نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے خاتمے کے لئے اور انہیں ایکسپوز کرنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کا ساتھ دیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حالیہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ناکامی کے بعد وزراءنے بھی کہہ دیا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں نے ہمیں ووٹ نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کمشنر کراچی پر زور دے رہی ہے کہ وہ چینی‘ آٹے ‘ گھی کی قیمتوں میں کمی لائیں لیکن جہاں تیل‘ ڈیزل‘ پٹرول دن بدن مہنگا کیا جارہا ہو اور دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہوں یہ کیسے ممکن ہے کہ چیزیں مہنگی نہیں ہوں گی۔ کیا مہنگائی صرف کراچی میں ہے۔ لاہور‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ پشاور‘ کوئٹہ میں مہنگائی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گٹر باغیچہ کے بارے میں متعلقہ ادارے کے وکیل نے سپریم کورٹ کے سامنے کوئی اعتراض نہیں کیا اسے جلد حوالے لے کر عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔ جونہی سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آئے گا متعلقہ ادارے سے خط و کتابت شروع کردی جائے گی۔ گٹر ‘ پانی کی کمی ایگر دیگر مسائل پر وقت اور رقم دونوں ضرورت ہوتی ہیں ان میں ٹائم لگتا ہے لیکن پارک بنانے میں نہ اتنا وقت اور نہ رقم خرچ ہوتی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ عوام کے لئے جلد از جلد پارک کھول دیا جائے