راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مظاہرین کے ساتھ ہے، سابق وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ایک سیاسی جماعت کیخلاف طاقت استعمال ہورہی ہے ۔اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے ٹیکس کلیکشن اور آئی ایم ایف پروگرام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کی معیشت بہتر ہو، ملک آگے کی طرف بڑھے، عوام کے لیے سہولتیں ہوں، ٹیکس کلیکشن ہو لیکن عوام پر بوجھ پڑے، اس پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے اس بات کا بھی اظہار کی کہ جو ایبسولٹ پاور ہوتی ہے، وہ بندے کو کرپٹ کرتی ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ ساری طاقت کا سرچشمہ طاقتور لوگ ہوں، اس لیے عمران خان نے تشویش کا اظہار کیا کہ قانون کی بالادستی ہو تو ٹیکس کلیکشن ہوگی، معاشی، سیاسی استحکام ہوگا تو ملک کی ترقی بھی ہوگی، اس کے علاوہ نہ ملک کی ترقی ہوگی نہ ملک آگے کی طرف بڑھ سکتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ ایک سیاسی جماعت کو جلسے کی اجازت نہیں دیتے، اس لیے ایک سیاسی جماعت کے خلاف طاقت استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کیخلاف طاقت استعمال ہورہی ہے، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے مظاہرین کے ساتھ ہے۔