شہباز اکمل جندران۔۔۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جہالت اور دین سے کھلواڑ جاری ہے۔بورڈ نے پہلے تیسری جماعت کی اسلامیات کی کتاب میں دوسرے کلمہ میں تحریف کرتے ہوئے کلمے کو مختصر کردیا ۔ اور اللہ تعالٰی کی وحدانیت کے اقرار کے الفاظ ختم کر دیئے۔
لیکن اب دوبارہ یہی الفاظ شامل کرنے کا حکم صادر کردیا ہے۔
تیسری جماعت کے دوسرے باب ” ایمانیات و عبادات ” کے جزو ب، کلمہ شہادت کے پہلے صفحے (صفحہ نمبر 16) پر کلمہ شہادت میں قب ازیں وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہُ یعنی اللہ رب العزت کے ایک ہونے اور اس کا کوئی شریک نہ ہونے کے الفاظ منہا کر دیئے گئے۔۔ تاہم اب وَحْدَہٗ لَا شَرِیْکَ لَہُ کے الفاظ دوبارہ سے شامل نصاب کرنے کا حکم جاری کردیا ہے اور BOG سے منظوری بھی لے لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی ٹی بی نے رپورٹنگ ڈاٹ کام پر ہائی لائٹ ہونے کے فوری بعد کلمہ شہادت میں کی جانے والی تحریف اس لئے ختم نہ کی کہ ایسا کرنے سے تیسری جماعت کی اسلامیات کی شایع شدہ کتاب واپس اٹھانا پڑتی اور ترمیم شدہ کتاب دوبارہ نافذ کرنا پڑتی۔جس سے بچنے کے لئے اگلے تعلیمی سال میں شائع ہونے والی کتاب میں مکمل کلمہ شہادت تحریر کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی ٹی بی کے ایم ڈی فاروق منظور کے موجودہ Tenure میں ایسی سنگین غلطیاں تواتر سے سامنے آرہی ہیں۔جو بورڈ کے ایسے عہدیداروں کی قابلیت اور افادیت پر سوالیہ نشان ثبت کرتی ہیں۔
ذرائع سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پی سی ٹی بی میں ڈائیریکٹر مینوسکرپٹ جیسا اہم ترین عہدہ کئی ماہ سے تقرری کا منتظر ہے لیکن کسی بھی افسر کو یہاں تعینات نہیں کیا جارہا اور ڈائیریکٹر ایڈمن کو عہدے کا اضافی چارج دیا گیا ہے جو دو عہدوں کو سنبھالنے میں دشواری کا شکار ہیں۔