لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائزز کے درمیان ایک مثبت اور تعمیری اجلاس سات اکتوبر بدھ کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء نے نیک نیتی کے ساتھ شکایات، تنازعات سمیت تمام معاملات پر مثبت انداز میں دوطرفہ تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نیتمام خدشات کے بارے میں اپنا نقطہ نظر واضح کیا۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کو ایک مجوزہ مسودہ پیش کیا، یہ مسودہ فرنچائز مالکان کی درخواست پر بنایا گیا ہے، جس میں انہوں نے پی سی بی کو ایک موزوں اور مناسب ماڈل کے تلاش کی درخواست کی تھی۔دونوں فریقین نے آئندہ ہفتوں میں اس نئے ماڈل سے متعلق اپنی فنانشل اور آپریشنل ٹیموں سے مشاورت اورتمام معاملات کو جلد از جلدباہمی اتفاق رائے سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔