یونس خان 195

پی سی بی اوریونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلیں

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ اورقومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرلیں۔ یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کیلئے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناہے کہ یونس خان جیسی قدآور اور تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مختصر دورانیہ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ، پرامید ہیں کہ وہ اپنے تجربے اورقابلیت کے تبادلے کے لییےمستقبل میں بھی پی سی بی کو دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی بھی تبصرے سے گریز کرنے پر اتفاق کیا ہے لہٰذا، دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔اس دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہو گی، جہاں اسے 24 اگست تک 5 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں