ملازمین

پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج کے8کنٹریکٹ ملازمین مستقل، نوٹیفکیشن جاری

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیر الدین میڈیکل کالج کے 8کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر نے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔اس ضمن میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ریگولر ہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔گریڈ1سے15تک کے مذکورہ ملازمین گزشتہ 3سال سے کنٹریکٹ کی بنیاد پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے جنہیں اب مستقل کر دیا گیا ہے اور وہ مزید اطمینان کے ساتھ کام کر سکیں گے۔

پی جی ایم آئی ایپکا کے چیئرمین چوہدری امتیاز احمد اور صدر کاشف گجر نے ان ملازمین کو مستقل کیے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا شکریہ ادا کیا اور ملازمین میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔ ریگولر ہونے والے8ملازمین نے تقررنامے ملنے پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا شکریہ ادا کرنے اوروزیر اعلیٰ پنجاب و وزیر صحت کے لئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔

تقررنامے تقسیم کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پی جی ایم آئی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز دنیا بھر میں درس و تدریس اور علاج معالجے کے لئے ایک خاص مقام رکھتے ہیں لہذا مستقل ہونے والے ملازمین کو بھی چاہیے کہ وہ ا س ادارے کا گراف مزید بلند کرنے کیلئے محنت، لگن اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں۔ملازمین نے بھی اس عزم کاا ظہار کیا کہ وہ پہلے سے زیادہ تندہی اور جاں فشانی سے فرائض سر انجام دیں گے اور اپنے ادارے کا نام روشن کریں گے۔