پی جی ایم آئی

پی جی ایم آئی میں 4نئے پروفیسرز، ایک ایسو سی ایٹ پروفیسر نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

لاہور(ہیلتھ ڈیسک)حکومت پنجاب نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کے مختلف شعبوں کیلئے گریڈ 20 کے چار پروفیسر اور گریڈ 19کی ایک ایسو سی ایٹ پروفیسر کی پوسٹوں پر تعیناتیاں کر دی ہیں۔ ان پوسٹوں پر ڈاکٹر نگہت ہارون خان پروفیسر آف ریڈیالوجی،ڈاکٹر عاطف شہزاد پروفیسر آف ڈرماٹولوجی، ڈاکٹر خرم سلیم پروفیسر آف میڈیسن، ڈاکٹر طاہرہ سلیم پروفیسر آف فیزیالوجی اور ڈاکٹر مریم عاطف ایسو سی ایٹ پروفیسر آف فرنزک میڈیسن نے اپنے اپنے شعبوں کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

پرنسپل اے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز کی صلاحیتوں سے مریضوں کو حاصل علاج معالجہ کی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی اور نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت کا معیار بھی بلند ہوگا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ صحت کا شعبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں سینئر ڈاکٹرز کی دستیابی سے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین  سہولیات حاصل ہونگی اور میڈیکل کی تعلیم و ریسرچ ورک میں بھی مزید بہتری آئے گی۔
 نئے تعینات ہونے والے ڈاکٹرز نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تجربے اور علم سے مریضوں کو مستفید کرنے کے علاوہ میڈیکل سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور ادارے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی تمام پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔