لاہو ر(رپورٹنگ آن لائن) عوام مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی میں ججوں کی انکوائری اور ججوں کو تختہ دار پر لٹکانے کی دھمکی عدلیہ سے کھلی جنگ کے مترادف ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدلیہ کب تک صبروتحمل کا مظاہرہ کرے گی بالآخرآئین کو نافذالعمل کرنا پڑے گا، نہ یہ ریکارڈ جمع کرائیں گے، نہ پیسے دیں گے نہ الیکشن کرائیں گے، عدلیہ کو آئینی فیصلے پرمجبور کرائیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جو وزیراعظم برطانیہ کی تاج پوشی میں مصروف ہو اسے آٹے کے قحط کی کیا فکر، حکومت عوام میں نفرت کا نشان بن چکی ہے، 13 پارٹیوں نے 13مہینوں میں غریب پر 170ارب روپے کے ٹیکس لگائے، 50فیصد مہنگائی کی اورآئی ایم ایف سے بھی کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ 17مئی کے آئی ایم ایف کے ایجنڈے میں پاکستان کو جھنڈی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اور امپورٹ کم ہو رہی ہے، کاروبار تباہ ہے، وزرا غیر ملکی دوروں پر ہیں،
آئین کی گولڈن جوبلی منانے والوں کے سامنے آئین ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے، خود تو یہ عوام میں تنہا ہوئے ہی ہیں پاکستان کو بھی دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پارلیمانی ریکارڈ بھی عدالت میں جمع نہیں کرائیں گے بلکہ سازش کے تحت حالات خراب کرائیں گے تاکہ گھر جانے میں آسانی ہو۔