اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان سپورٹس بورڈ نے کھیلوں کی فیڈریشنز میں دو مدتوں سے زائد عہدوں پر برقرار رہنے کا نوٹس لیتے ہوے نیشنل سپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر نو سپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداران کو انتباہی خط ارسال کر دیئے۔
خط میں کہا گیا کہ قومی سپورٹس پالیسی کے مطابق فیڈریشن یا ایسوسی ایشن میں کسی بھی عہدیدار کی مدتِ عہدہ چار سال ہے اور کوئی بھی فردمسلسل تین مدت کیلئے اس عہدے پر فائزنہیں رہ سکتا ہے، سپریم کورٹ فیصلے کیمطابق پی ایس بی سے الحاق کیلئے نیشنل سپورٹس پالیسی پر عمل لازمی ہے،
خط میں بیس بال فیڈریشن کے عہدداران سید فخر شاہ، شوکت جاوید، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے لیفٹیننٹ کرنل ر وسیم احمد جنجوعہ، مرتضیٰ بنگش، جوڈو فیڈریشن کے کرنل ر جنید عالم، مسعود احمد،سلینگ فیڈریشن کے کموڈور ر اکرام طارق کو عہدوں پر موجودگی کو قومی سپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب قراردیا ہے۔ خلاف ورزی کے مرتکب عہدیداران 30 یوم میں اصلاح کرنے کی تنبیہ کہ گئی ہے جس کے بعد متعلقہ فیڈریشنز کو پی ایس بی سے ملنے والے فوائد سے محروم کردیا جائیگا۔