پی ایس او

پی ایس او کا رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کیلئے 11.2ارب روپے منافع کا اعلان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) نے مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی کیلئے 11.2 ارب روپے کے خالص منافع کا اعلان کیا ہے اور 1.74ٹریلین روپے کی مجموعی سیلز کی۔

کمپنی کے بورڈ آف مینجمنٹ نے 13 فروری 2025 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں 31 دسمبر 2024 کو ختم ہونے والی ششماہی میں گروپ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ گروپ نے 9.1 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا، جو فی حصص آمدنی 19.48روپے کے مساوی ہے۔ پی ایس او نے 2025 کی پہلی ششماہی میں مارکیٹ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی، جہاں وائٹ آئل سیکٹر میں 47.1 فیصد شیئر کے ساتھ 3,610 ہزار میٹرک ٹن کی فروخت ہوئی۔

ڈیزل مارکیٹ میں پی ایس او نے 48.1 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کیا، جس کی فروخت 1,660 ہزار میٹرک ٹن رہی، جبکہ مو گیس (پیٹرول) میں 41.5 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ 1,601 ہزار میٹرک ٹن فروخت ہوا۔ جیٹ فیول کے شعبے میں کمپنی نے 99.1 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ اپنی اجارہ داری مضبوط کی اور مجموعی فروخت 326.8 ہزار میٹرک ٹن رہی۔ مزید برآں، پی ایس او نے مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ ایل پی جی فروخت کی، جو دسمبر 2024 میں 22.3 فیصد ماہانہ اضافہ کے ساتھ 5.2 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔

سال 2025 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ایل پی جی فروخت 27.56 ہزار میٹرک ٹن رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ گردشی قرضے کے بحران نے پی ایس او کی مالی کارکردگی پر اثر ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں کمپنی کے واجبات 31 دسمبر 2024 تک 467 ارب روپے تک پہنچ گئے، جن میں سے 340 ارب روپے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے ذمہ واجب الادا ہیں۔ کمپنی حکومت کے ساتھ مل کر اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔