پی آئی این ایس میں نرسز کیلئے ریفریشر کورس کا انعقاد، صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی نرسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا گیا جس میں نرسوں کو مریضوں سے اچھے رویے، انفیکشن سے پاک وارڈزاورمریض دوست ماحول، حسن اخلاق کے علاوہ نرسنگ ایجوکیشن اور ٹریننگ کے حوالے سے سپیشل سیشن منعقد کیے گئے۔ ریفریشر کورسز میں مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والی نرسز نے حصہ لیا۔
پی آئی این ایس
نرسز کو ریکارڈ کیپنگ،مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے چارٹ مرتب کرنے اور مریضوں کی دیکھ بھال کے مختلف پہلوؤں پر عملی تربیت دی گئی اور نرسز کو جدید طبی آلات کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم نے بتایا کہ ان کورسز کے انعقاد سے نرسز کی” سکلز ” بڑھیں گی اور ہماری نرسنگ کمیونٹی بالخصوص نیورو انسٹی ٹیوٹ جیسے اہم ادارے میں زیادہ بہتر انداز میں خدمات سر انجام دے سکے گی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی ادارے نے نرسنگ کمیونٹی کے لئے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا ہے جو انتہائی خوش آئند امر ہے۔ اُن کا کہناتھا کہ مریضوں کے علاج معالجے میں ڈاکٹر زکے ساتھ ساتھ نرسز کے کردار کو انتہائی اہمیت حاصل ہے اس لیے نرسنگ کے شعبے سے وابستہ خواتین کے طبی علم اور عملی مہارتوں کو اپ ڈیٹ کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنز جیسے دماغی امراض، ہیڈ انجری ادارے میں نرسز کی اہمیت مزید دو چند ہو جاتی ہے کیونکہ ایسے مریضوں کی دیکھ بھال کرنا آسان نہیں۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے ”پنز”کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم کو نرسز کے لئے اس ریفریشر کورس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی ایسے کورسز منعقد کروا کر طبی خدمات کا معیار مزید بہتر کرے گا۔