لاہور ہائی کورٹ 6

پیکا ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے خلاف دائر درخواستیں 18 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں پیکا ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے خلاف دائر درخواستیں 18 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر ,کاز لسٹ جاری کر دی گئی۔رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق کیس کو 18مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس انوار حسین کریں گے۔درخواست گزاروں میں صحافی رانا عظیم سمیت دیگر شامل ہیں۔درخواست گزاروں نے پیکا ایکٹ میں کی گئی حالیہ ترامیم کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت کو بذریعہ کابینہ ڈویژن ،پی ٹی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے ۔

عدالت کی جانب سے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ میں ترمیم سے قبل کسی بھی صحافتی تنظیم یا متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی۔ ترمیم کو فاسٹ ٹریک طریقہ کار کے تحت جلدی میں منظور کرایا گیا۔درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کے تحت مبینہ فیک انفارمیشن کے پھیلائو پر 3سال قید اور جرمانے کی سزا مقرر کی گئی ہے جس سے آزادی اظہار رائے مزید محدود ہو جائے گی۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پیکا ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں