مریدکے ( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر صنعت پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے پیکا ایکٹ کو بغیر کسی جواز کے ایشو بنایا جارہا ہے ،یہ قانون پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کیلئے نہیں بلکہ سوشل میڈیا کیلئے ہے جس پر لوگوں کی عزتوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا احمد عتیق اور رکن قومی اسمبلی پیر سید زاہد شاہ گیلانی کے ہمراہ گورنمنٹ علی عباس شہید ہائیر اسکنڈری سکول مریدکے کی نئی مسجد اور اینگرومرکزکے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو حقیقی صحافی اور ادارے ہیں وہ پیکا ایکٹ سے پریشان نہ ہوں ،پیکا ایکٹ عوام اور اداروں کی ڈیمانڈ پر لایا گیا ،وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ پہلے دن سے آج تک صحافی تنظیموں اور دیگر میڈیا ہائوسز سے رابطہ میں ہیں اور ان کے خدشات دور کر رہے ہیں،حکومت آزادی اظہار اور آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف صنعت ،زراعت اور تعلیم کی بہتری کیلئے دن رات کام کررہے ہیں ،زرعی تحقیق کیلئے نوجوانوں کو چین بھیجا جارہا ہے ،بیلاروس سمیت کئی ممالک سے زرعی ترقی کیلئے مشاورت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پہلے بھی سستی کی ،اپریل میں مزید سستی کرنے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا ہم آج بھی فی ایکڑ تیس من پیداوار پر کھڑے ہیں جبکہ دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ،وزیر اعظم کی حکمت عملی سے زرعی اورصنعتی شعبہ میں پاکستان کو چالیس ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کیلئے مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی جوخدمات ہیں وہ کسی اور جماعت کی نہیں ،وزیر اعلی پنجاب نوجوان نسل کی نمائندہ ثابت ہوئی ہیں ،تعلیمی اداروں کی جہاں بہتری ہورہی ہے وہاں نوجوان نسل کو لیپ ٹاپ اوراسکالر شپس دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تباہی کو ختم کرنے کیلئے بہت مشکلات عبور کرکے اب بحالی کی طرف گامزن ہیں.
بانی پی ٹی آئی نے جہاں اداروں کو تباہ کیا وہیں نئی نسل کو گالم گلوچ اور جلائوگھیرائوکی طرف راغب کیا ،فتنہ کا دور اور اثر ختم ہونے کو ہے ،بانی پی ٹی آئی کا مشن پاکستان کی سیاست اور معیشت کی تباہی ہے ،اسی وجہ سے مذاکرات سے بھاگ رہے ہیں ،حکومت مذاکرات سے نہ پہلے بھاگی نہ اب بھاگے گی ،پی ٹی آئی کا ملک اور عوام دشمن چہرہ بے نقاب کرتے رہیں گے ۔