راجہ پرویز اشرف 45

پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمان رہی ہے،راجہ پرویز اشرف

گوجر خان(رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیراعظم پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمان رہی ہے اورغریب و پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے ہر دور میں عملی اقدامات کیے ہیںـاین این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ گوجر خان کے لیے منظور کیا جانے والا کڈنی سنٹر ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ عوامی منصوبہ ہے جو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور خصوصی تحفہ اس علاقے کے عوام کو دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لیے زمین حاصل کر لی گئی ہے اور بہت جلد اس پر عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کڈنی سنٹر ان کی درخواست پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوجر خان کے لیے مخصوص کیا،جو گردوں کے مریضوں کے علاج میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور اس سے نہ صرف گوجر خان بلکہ آس پاس کے علاقوں کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔اس موقع پر خرم پرویز راجہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے۔

ماضی میں پاکستان پیپلز کی پارٹی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام،ہیلتھ کیئر سہولیات میں اضافہ، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سماجی تحفظ کے متعدد منصوبے متعارف کرائے جن سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا۔انہوں نے کہا کہ کڈنی سنٹر بھی اسی عوام دوست وژن کا تسلسل ہے،اور پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ بھی عوام کی خدمت کے لیے مزید ترقیاتی منصوبے لاتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں