اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماسینیٹر مولابخش چانڈیو نے مسلم لیگ(ن)پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرانے سلیکٹڈ نئے سلیکٹڈ کو پانچ سال پورے کروانے کے ضامن ہیں، ضیاء الحق کی باقیات اپنی اصلیت پر واپس آ گئی ہیں، ان کی ساری سیاست جیل سے بیرون ملک جانے اور مقدمات میں ضمانتوں کے گرد گھومتی ہے،قوم نے دیکھ لیا کہ کون باہر بیٹھے ہیں اور کون ایئرایمبولینس میں عدالتوں میں لائے جا رہے ہیں
جمعرات کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماسینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ضیاء الحق کی باقیات اپنی اصلیت پر واپس آ گئی ہیں،ہمیں ان سے یہی توقع تھی کہ وقت آنے پر اپنا رنگ دکھائیں گے، جن کی تربیت ضیاءالحق نے کی ہو وہ بھٹو کے وارث کیلئے وہی زبان استعمال کریں گے جو انہیں سکھائی گئی، بھٹو کے قاتلوں کے زیر سایہ پلنے والوں سے ہمیں خیر امید نہیں ، ہم تو یہ سمجھے تھے کہ شاید 30 سال بعد یہ لوگ تھوڑے سے جمہوری ہو گئے ہوں گے۔
سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ضیاءکے وارث جس طرح اپنے مقدمات پر مک مکا کر کے چپ ہو گئے تو سمجھ آیا کہ ہم غلط تھے، ان کی ساری سیاست جیل سے بیرون ملک جانے اور مقدمات میں ضمانتوں کے گرد گھومتی ہے،پرانے سلیکٹڈ نئے سلیکٹڈ کو پانچ سال پورے کروانے کے ضامن ہیں ،انہوں نے عوام اور اپنے ووٹروں کے ساتھ بھی وفا نہیں کی،لوگ دیکھ چکے کہ کس نے قومی اسمبلی سے غائب ہو کر بجٹ منظور کروایا ،سینئر کٹھ پتلی الیکشن چوری کرنے کے نئے منصوبے میں بھی نئے کٹھ پتلیوں کو کھلا راستہ دیں گے،جیالے اپنے قائد بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت میں نئے پرانے لاڈلوں کا مقابلہ کریں گے، قوم نے دیکھ لیا کہ کون باہر بیٹھے ہیں اور کون ایئرایمبولینس میں عدالتوں میں لائے جا رہے ہیں،ہمارے خورشید شاہ دو سالوں سے جیل میں پرانے لاڈلوں کو کلین چٹ پر کلین چٹ مل رہی ہے۔