اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہو شربا مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری رہے گا۔ اپنے جاری کردہ بیان میں نیر بخاری نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے مہلک حکمرانوں سے نجات لازم ہو چکی ہے، شیرو ٹائیگر وحشیانہ زہنیت کا علاج عوامی قوت سے مزاحمت اور آئینی مرمت میں ہے۔
نیر بخاری کا کہنا تھا کہ حکومتی شراکتی مالیاتی مافیاز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا گٹھ جوڑ ملک کے لیے خطرناک ہے، چینی آٹا ،پٹرول اور ڈالر کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچانے والے عوام الناس کی نظروں میں کم ترین اور بدترین کے درجے پر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کے ملکی ، معاشی تباہی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نااہل حکمرانوں کے پیدا کردہ گھمبیر آئینی معاشی مسائل کا حل صرف اور صرف نئے انتخابات میں ہے۔ نیر بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پی ڈی ایم کے چارٹر کی پابند اور کاربند ہے، اسلام آباد لانگ مارچ پروگرام کو سبوتاژ نہ کیا جاتا تو حکمرانوں سے چھٹکارا مل چکا ہوتا، لانگ مارچ کے بعد استعفے آخری آپشن تھا۔