پیپلز پارٹی

پیپلز پارٹی کا گیس بحران پر تشویش کا اظہار

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے گیس بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل گیس نا صنعتوں کو فراہم کی جا رہی نا ہی گھریلو صارفین کو، کراچی سے خیبر تک لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، حکومت موجودہ ٹرمینلز کی صلاحیت کو استعمال کرنے میں ناکام ہے، اسٹوریج اور ٹرانسمیشن کے مسئلے کو حل ہی نہیں کیا گیا،

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا لوگ لکڑیوں اور کوئلوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہیں، توانائی کا بحران سپلائی کی وجہ سے نہیں حکومت کی نااہلی اور بد ترین گورننس کی وجہ سے ہے، توانائی پالیسی کی عدم موجودگی اور اداروں کے بیچ رابطے کے فقدان کی قیمت ملک و عوام ادا کر رہے، گیس، بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باوجود بحران ختم نہیں ہوا، بڑھ رہا ہے۔